لاہور ( نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد صوبے بھر میں گھی اور خوردنی تیل کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔پنجاب حکومت اور گھی مل مالکان کے درمیان قیمتوں کے تعین کے لئے مذاکرات کی ناکامی کے بعد صوبے میں گھی اور خوردنی تیل کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ صوبے بھر کے تھوک فروشوں نے بنیادی ضرورت کی دونوں اشیا کی فروخت روک دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ پرانی قیمتوں میں خریدے گئے گھی اور خوردنی تیل کو نئی قیمتوں پر فروخت نہیں کرسکتے۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے نئی قیمتوں پر عمل درآمد کے لئے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 ملوں کو سیل کردیا۔ جس پر گھی مل مالکان کا کہنا ہے کہ عوام کو پہلے ہی سستے داموں گھی اور خوردنی تیل فراہم کیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت نے مذاکرات کے دوران کارروائی شروع کردی جو کسی بھی طرح ٹھیک نہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو صوبے بھر میں گھی اور خوردنی تیل کی ملوں کو بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 2 روز قبل گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں 15 روپے کی کلو گرام تک کمی کا اعلان کیا تھا۔