گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک) مفت فروٹ نہ دینے پر ٹریفک پولیس کے وارڈنز نے غریب ریڑھی بانوں کی ریڑھیاں الٹا دیں ۔ واقعہ کے خلاف ریڑھی بان سراپا احتجاج بن گئے ۔ احتجاج کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی ۔ شیرانوالہ پھاٹک کے علاقے میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کسی نوٹس یا وارننگ کے بغیر اچانک کارروائی کی اور فروٹ کی ریڑھیاں الٹا دیں جس پر غریب ریڑھی بان سراپا احتجاج بن گئے ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی اور الزام لگایا کہ ایک ٹریفک وارڈن ان سے مفت فروٹ لیتا ہے ، آج ریڑھی بانوں نے اسے مفت فروٹ دینے سے انکار کیا تو وہ آپے سے باہر ہوگیا اور اپنے ساتھی اہلکاروں کے ساتھ مل کر اس نے غریب ریڑھی بانوں پر ظلم کیا اور ان کا ہزاروں روپے کا سامان خراب کر دیا ۔ مظاہرین نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک پولیس کے راشی اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔