اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پشاور میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا ، فائرنگ کے تبادلے میں قریب کھڑی ویگن میں سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔ پشاور میں گورا قبرستان چیک پوسٹ کے قریب پیدل آنے والے دہشت گرد نے سیکورٹی اہلکاروں پر اچانک فائرنگ کر دی۔ فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چیک پوسٹ پر کھڑی مسافر ویگن میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ایک زخمی دم توڑ گیا۔ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے ،زخمیوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، ادھر متنی کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر علی کو پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ شدت پسند کمانڈر دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر تھی ۔