لاہور ( نیوز ڈیسک) سانحہ کوٹ رادھا کشن سے متعلق آئی جی پنجاب کی رپورٹ آج سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ رپورٹ میں سب انسپکٹر محمد علی اور اے ایس آئی عبدالرشید کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ کوٹ رادھا کشن سانحہ کی انکوائری رپورٹ میں سب انسپکٹر محمد علی اور اے ایس آئی عبدالرشید کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں اے ایس آئی عبدالرشید کو جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا جبکہ سب انسپکٹر محمد علی کی سروس میں دو سال کی تنزلی کر دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے ایس آئی عبدالرشید کو بھٹہ مالک نے ممکنہ خطرے سے آگاہ کر دیا تھا لیکن اے ایس آئی عبدالرشید نے کسی افسر کو آگاہ نہیں کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسیحی جوڑے کو جلانے سے قبل ہجوم منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کا فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ سب انسپکٹر محمد علی واقعہ سے قبل کسی قسم کے حفاظتی اقدام کرنے میں ناکام رہے۔