اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی سلمان اکرم راجا سے متعلق مبینہ آڈیو لیک ہوگئی ،
جس میں انھوں نے حکومت کی برخاستگی کا ذمہ دار سلمان اکرم راجہ کو قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان اندرونی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پارٹی کے مرکزی سکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے پر مبنی ایک آڈیو ریکارڈنگ منظرِ عام پر آ گئی، جس میں علی امین ، سلمان اکرم راجہ پر شدید برہم دکھائی دیتے ہیں۔
لیک ہونے والی آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے حکومت کے خاتمے اور موجودہ مشکلات کا تمام تر ملبہ سلمان اکرم راجہ کی پالیسیوں اور حکمتِ عملی پر ڈال دیا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج ہم سلمان اکرم راجہ کی غلط پلاننگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، نہ تو ان کو مکمل اختیار ملا اور نہ ہی وہ کچھ ڈیلیور کر سکے۔



















































