اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کو سنبھالنے میں فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان تعاون ملک کے مفاد میں بہترین حکمتِ عملی ثابت ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں، جس سے ملک کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بھارت یہ دیکھ کر حیران رہ جائے گا کہ پاکستان کس طرح ایک مضبوط اور مستحکم ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ان کے بقول اگر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت شامل نہ ہوتی تو بہت سے پیچیدہ مسائل کا حل ممکن نہ ہو پاتا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر حکومت اور فوج کے درمیان یہی شراکت داری برقرار رہی تو پاکستان عالمی نقشے پر ایک طاقتور اور مستحکم ملک کے طور پر اپنی جگہ مزید مضبوط کر لے گا۔















































