اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے صاحبزادوں قاسم خان اور سلیمان خان نے کہا ہے کہ برطانوی حکام نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ پاکستان کا سفر کرنے کی صورت میں انہیں کسی قسم کی سکیورٹی یا تحفظ فراہم نہیں کیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں سلیمان خان نے بتایا کہ برطانوی حکومت نے اس معاملے پر نہ تو کوئی مزاحمت کی اور نہ ہی کوئی عملی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق حکام نے واضح طور پر کہا کہ وہ اس صورتحال میں مداخلت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب قاسم خان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں برطانوی حکومت اس معاملے میں خود کو کسی مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتی۔ ان کے مطابق انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ پاکستان نہ جائیں، کیونکہ اگر وہ وہاں گئے اور کسی کارروائی یا گرفتاری کا سامنا ہوا تو برطانیہ کی جانب سے انہیں کوئی تحفظ حاصل نہیں ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں کہ آیا عمران خان جلاوطنی اختیار کرنے پر آمادہ ہوں گے، قاسم اور سلیمان خان نے واضح کیا کہ ان کے والد سیاسی سرگرمیوں پر کسی بھی قسم کی پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔اس معاملے پر اب تک برطانوی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔















































