اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنیں آج اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کر سکیں۔ ملاقات کا وقت گزر جانے کے باعث جیل حکام نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی، جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔پولیس نے عمران خان کی بہنوں کو ناکے پر ہی روک دیا۔ علیمہ خان نے اس موقع پر کارکنان کو پرامن رہنے کی تلقین کی اور انہیں پیچھے ہٹانے کی کوشش کرتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ہمارا کوئی تنازع نہیں، اہلکار ہمارے بھائی ہیں اور یہاں پر خواتین موجود ہونے کی وجہ سے ہم ہجوم کو پیچھے کر رہے ہیں۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کئی ہفتوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، گزشتہ ملاقات میں بھی کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کو کس کے حکم پر تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ملاقات نہ ہونے کے بعد دھرنے میں پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی اور خیبرپختونخوا کابینہ کے چند ارکان بھی شریک ہوئے۔ راستہ بند کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری فیکٹری ناکے پر تعینات ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد ملاقات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کسی کی خواہش نہیں بلکہ مکمل طور پر قانونی اصولوں کی بنیاد پر روکی گئی ہے۔















































