اسلا م آباد (نیوز ڈیسک ) قطر کے مؤقر نشریاتی ادارے الجزیرہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کو خطے کے لیے ایک نئی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کی سیاست اور سکیورٹی پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔امریکی چینل سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خطے میں ایک نئی دفاعی صف بندی سامنے آرہی ہے، جس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی ممالک کا اعتماد آہستہ آہستہ امریکہ سے کم ہوتا جارہا ہے۔
اسی موضوع پر عالمی خبر رساں ادارہ رائٹرز نے لکھا کہ حالیہ اسرائیلی حملے نے قطر سمیت پورے خطے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور ایسے میں عرب ریاستیں واشنگٹن پر اپنے انحصار کو کم کرنے کی کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔امریکی تجزیہ کار مائیکل کوگلمین نے تبصرہ کیا کہ چین، ترکی اور اب سعودی عرب کی بھرپور حمایت کے بعد پاکستان کی سفارتی اور اسٹریٹیجک پوزیشن پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں “اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق اگر کسی ایک ملک پر کوئی بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ سمجھا جائے گا۔ یہ معاہدہ دونوں برادر ملکوں کے مضبوط دوطرفہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے سکیورٹی تعاون کی واضح عکاسی کرتا ہے۔















































