اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے عمران خان کے بیٹے قاسم خان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں کسی بھی قیدی میں ہیپاٹائٹس کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔سپرنٹنڈنٹ کے مطابق جیل میں قیدیوں کی صحت کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جاتا ہے اور تمام افراد کے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ میڈیکل اسکریننگ میں کوئی قیدی ایسی بیماری میں مبتلا نہیں پایا گیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کبھی کسی قیدی میں متعدی بیماری کی تشخیص ہو بھی جائے تو اسے فوری طور پر علیحدہ رکھا جاتا ہے تاکہ دیگر قیدی محفوظ رہیں۔ ان کے بقول، فی الوقت جیل میں ہیپاٹائٹس سے متاثرہ کسی قیدی کی موجودگی کی اطلاع نہیں ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں ہیپاٹائٹس کی وجہ سے دس قیدیوں کی جان جا چکی ہے، اور انہیں خدشہ ہے کہ ان کے والد بھی اس بیماری سے متاثر ہو سکتے ہیں۔تاہم جیل انتظامیہ نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کی صحت اور فلاح کے لیے تمام احتیاطی اقدامات بروقت کیے جا رہے ہیں۔