اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بانی تحریک انصاف سے ملاقات نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے عدالت آئے ہیں لیکن عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو اہل خانہ اور ساتھیوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
عمر ایوب نے جیل انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری سے انکار کر رہے ہیں اور یہ کہ بیوروکریسی کو یاد رکھنا چاہیے، کل جب بانی پی ٹی آئی دوبارہ اقتدار میں آئیں گے تو انہی افسران کو معافیاں مانگنی پڑیں گی۔
انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں عدالت کی رٹ کو قائم کریں تاکہ عدالتی احکامات کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ جیل حکام نے ان کے بھائی کو جیل مینوئل کے تحت حاصل تمام سہولتوں سے محروم کر دیا ہے۔ ان کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ میں صرف دو گھنٹے کی ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست بھی جمع کرا دی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔