راولپنڈی(این این آئی)عید الفطر سے قبل بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا سامان اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے بھجوائے گئے سامان میں عید پر پہننے کیلئے 4 نئے جوڑے، جوتے اور ویسٹ کوٹ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کپڑے جیل انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں گے۔گزشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کتابیں فراہم کرنے اور بچوں سے بات کرانے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر جیل حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو فوری طور پر کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔