اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پارلیمنٹ میں ارکان کی تنخواہوں کے معاملے پر تمام جماعتیں ایک نقطے پر متفق ہو گئیں، اپوزیشن کے وہ ارکان بھی سامنے آ گئے جنہوں نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل اور آزاد ارکان نے بھی تحریری طور پر تنخواہ بڑھانے کی حمایت کی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نے تنخواہوں میں اضافے کی حمایت کی ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور نیشنل پارٹی کے اراکین بھی اس فیصلے پر متفق نظر آئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ابتدا میں اپوزیشن ارکان نے ہی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز دی، مگر بعد میں وہی ایوان میں اس پر تنقید کرنے لگے۔ تنخواہ میں اضافے کو ناجائز قرار دینے والے شاہد خٹک بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے اس فیصلے پر دستخط کیے۔
تنخواہ بڑھانے کے مطالبے پر دستخط کرنے والوں میں پی اے سی کے چیئرمین جنید اکبر، انور تاج، عبداللطیف، شاہ احد علی، عادل بازئی، شفقت عباس، امجد علی خان، یوسف خان، سلیم الرحمان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حمید حسین، شیر علی ارباب، مبین عارف، اور سہیل سلطان نے بھی اضافے کی حمایت میں دستخط کیے۔