اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے حکام نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی رچرڈ گرنیل کی جانب سے عمران خان کے حق میں کیے گئے ٹوئٹس پر ردعمل دیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ جب رچرڈ گرنیل نے یہ ٹوئٹس کیے، اس وقت وہ کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں تھے اور بعد میں انہوں نے اپنے ٹوئٹس بھی حذف کر دیے۔دفتر خارجہ کے مطابق رچرڈ گرنیل اس وقت بھی کسی سرکاری عہدے پر موجود نہیں ہیں، بلکہ وہ محض نامزد کیے گئے ہیں اور انہیں باضابطہ طور پر کوئی عہدہ نہیں سونپا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں انہیں دنیا کے لیے اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم، ٹرمپ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں واضح کیا گیا کہ گرنیل کو خاص طور پر وینیزویلا اور شمالی کوریا کے لیے نامزد کیا گیا ہے، لیکن ان کی تقرری بطور عالمی خصوصی نمائندہ ہوگی، جس کے تحت وہ کسی بھی ملک میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔رچرڈ گرنیل کی اس نامزدگی سے قبل، 24 اور 25 نومبر کو انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے حق میں ٹوئٹس کیے تھے۔ اپنے ایک پیغام میں، انہوں نے عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ قرار دیا تھا، جس پر پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے وضاحت دی گئی کہ یہ بیانات کسی سرکاری حیثیت کے حامل فرد کی جانب سے نہیں دیے گئے تھے۔