اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان نے پہلے بھی جنگیں لڑیں اور اگر مزید جنگوں کی ضرورت پیش آئی تو بھرپور دفاع کریں گے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وہ جموں و کشمیر یادگار گئے اور وہاں شہداء کی یاد میں پھول چڑھائے۔ آرمی چیف نے وطن کے لیے جان قربان کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔
جنرل عاصم منیر نے کنٹرول لائن پر تعینات فوجی جوانوں اور افسران کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے بہترین جنگی تیاری برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
مظفر آباد میں قیام کے دوران، آرمی چیف نے کشمیری عمائدین اور سابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ہندوتوا کی بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی آزادی کی جدوجہد کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز اور برحق مؤقف کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
آرمی چیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام اپنی آزادی حاصل کرکے اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔کشمیر اور پاکستان کا تعلق اٹوٹ ہےقبل ازیں مظفر آباد پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران، جنرل عاصم منیر نے کشمیری رہنماؤں اور سابق فوجی افسران سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی جدوجہد نسل در نسل منتقل ہوتی رہی ہے اور اگر ہم یکجہتی اور استقامت کا مظاہرہ کریں تو ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت وقتی طور پر کشمیریوں پر ظلم ڈھا سکتا ہے لیکن ہمیشہ کے لیے ان کے حقوق کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیری عوام کا مستقبل کسی غاصب فوج کے ہاتھ میں نہیں بلکہ خود کشمیریوں کے فیصلے پر منحصر ہے۔ آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس فرمان کو بھی دہرایا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور کہا کہ شہ رگ کے بغیر جسم زندہ نہیں رہ سکتا۔
جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج کشمیر میں انٹرنیٹ اور آئی ٹی کے شعبے کو بہتر بنانے میں مدد دے گی اور کشمیری نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔کشمیری عمائدین نے آرمی چیف کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاک فوج نہ ہوتی تو کشمیر کا حال فلسطین سے بھی بدتر ہو سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور کشمیری عوام کے درمیان گہرا اور ناقابلِ شکست تعلق قائم ہے۔حاضرین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے دورے نے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور جموں و کشمیر کے عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ جڑے رہیں گے۔