اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ میں روزانہ کے شوکاز نوٹسز سے بہت تنگ آگیا ہوں، بانی نے نکالنا ہے تو بیشک نکال دیں میں نے کوئی گناہ نہیں کیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایک یوٹیوبر نے میرے بارے میں جو کہا وہ سراسر جھوٹ ہے، مجھے نکالنے کا فیصلہ پہلے سے کردیا گیا ہے تو پھر شوکاز ایک فارمیلٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر چھ ماہ بعد کوئی شوکاز آجاتا ہے کہ آپ نے یہ بیان دیا ہے۔ میں نے کوئی بیان نہیں بلکہ جواب دیا ہوتا ہے۔
اگر مجھے پارٹی میں رکھتے بھی ہیں تو میں جواب دیتا رہوں گا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے کہ وہ میرے خلاف بات کرے گا اور میں خاموش رہوں گا یہ ممکن نہیں۔ میں جس قبیلے سے ہوں وہ اپنے مرشد اپنے لیڈر کیلئے جان دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ بانی جن لوگوں کے نرغے میں ہے وہ ان کے کان بھر رہے ہیں، کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی سے جاکر غلط بیانیاں کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں بیرسٹر گوہر کو اپنا مؤقف دے رہا ہوں، پارٹی کے لوگوں نے میرے خلاف بیانات دیے، اس کے بعد میں نے جواب دیا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ سیاست ہم عزت کیلئے کر رہے ہیں، میرے گھر کسی کے ہاں سے کھانا تو نہیں آتا، بانی کے سوا کوئی بھی میرے خلاف بات کرے گا تو میں آئندہ بھی جواب دوں گا۔انہوں نے کہا کہ یوٹیوب پر ڈالر کمانے کے چکر میں اندھے ہوگئے ہیں، جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔