میاں چنوں(این این آئی)معروف اسکالر مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل تلمبہ میں فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق افسوس ناک واقعہ پنجاب کے شہر میاں چنوں میں ان کے آبائی قصبے تلمبہ میں پیش آیا، عاصم جمیل کو تشویش ناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔پولیس کے مطابق واقع کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے بتایاکہ عاصم جمیل کو زخمی حالت میں تلمبہ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایاکہ مولانا کو کچھ روز سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی پی او خانیوال رانا عمر فاروق سلامت نے تصدیق کی ہے کہ عاصم جمیل کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بھتیجے نے موقف اختیار کیا ہے کہ عاصم جمیل نے خودکشی کی ہے لیکن پولیس شواہد اور فارنزک رپورٹ مرتب ہونے تک یہ نہیں کہہ سکتی کہ قتل ہے یا خودکشی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال کو شواہد اور فارنزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کے تعین کا حکم دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آر پی اوملتان سہیل چوہدری نے کہاکہ دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کی ہے، ڈی پی او نے خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی ہے۔آر پی او ملتان کے مطابق عاصم جمیل نفسیاتی مریض تھے اور کئی سال سے ادویات لے رہے تھے، انہوں نے 30بور کے پستول سے اپنے آپ کو گولی ماری۔پولیس کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل نے اپنے ملازم عمران سے پستول منگوایا،چھاتی کی جناب پستول کیا تو عمران نے ایسا کرنے سے منع کیا۔
پولیس کے مطابق عاصم جمیل نے پسند کی شادی کی تھی اوربعد میں طلاق ہوگئی تھی۔مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے،اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔انہوں نے لکھا کہ آپ سب سے گزارش ہے اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاں میں یاد رکھیں۔ اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین