اسلام آباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انوارالحق کاکڑ کا نام کہیں اور سے سامنے آنے میں کوئی حقیقت نہیں۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ضرورت تھی کہ چھوٹے صوبوں کو حکمرانی میں حصہ دیا جائے،
نگران وزیراعظم کیلئے انوارالحق کا نام سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر دیا گیا،انوار الحق کانگران وزیراعظم بننا خوش آئند بات ہے، انوارالحق کانام نگران وزیراعظم کیلئے سرفہرست تھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگلے مہینے پاکستان آجائیں گے، نوازشریف کو اختر مینگل کے تحفظات کو دورکرنا چاہئے،ہمیں بلوچستان کے مسائل کا قومی حل تلاش کرنا چاہئے،ہمیں بلوچستان کے ناراض لوگوں کو قومی دھارے میں لانا چاہئے۔سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ لیڈر آف اپوزیشن نے فروری میں الیکشن کا کہا ہے،الیکشن ڈیڑھ دو ماہ آگے جاسکتے ہیں، الیکشن فروری سے آگے نہیں جائیں گے۔