اسلام آباد(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے سائفر پبلک کرنے کے معاملے کی تحقیقات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی طلب کرلیا۔ایف آئی اے نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو نوٹس جاری کر دئیے اور انہیں ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم نے طلب کرلیا۔اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو 24جولائی کو طلب کیا گیا۔ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو متعلقہ ریکارڈ اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔اس سے قبل ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 25جولائی کو طلب کیا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی بھی سائفر ڈرامے میں ملوث تھے،سائفر کے جھوٹے ڈرامے سے ملکی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی، ذمہ داران کو سزا ضرور ملنی چاہیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی مفاد کے ساتھ کھیل کھیلا، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا بیان ان کے خلاف فرد جرم ہے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میر جعفر کون ہے پتہ چل گیا، پی ٹی آئی کا جتھا ملکی مفاد کیخلاف کام کر رہا تھا، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی سائفر ڈرامے میں ملوث تھے۔