اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وضاحت کی ہے کہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران دو پنشن کی صورت میں ایک پنشن وصول کر سکیں گے‘بیوہ کے لواحقین کیلئے پنشن کی مدت 10سال ہوگی ‘ہمیں اصلاحات کی طرف جانا ہوگا ورنہ ایک وقت آئے گا جب یہ بوجھ ناقابل برداشت ہوجائے گا۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک سے 16 گریڈ والے ملازمین پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا ۔ یہاں لوگ آرمی چیف، پھر چیف ایگزیکٹو اور پھر صدر پاکستان کی پنشن لیتے رہے ہیں جس کا غریب ملک متحمل نہیں ہو سکتا‘سرکاری ملازم کی بیوہ کے انتقال کے بعد بھی لواحقین برسوں تک پنشن لیتے رہتے ہیں اوریہ پنشنز کئی کئی نسلوں تک چلتیں رہیں ‘ اب دس برس بعد پنشن نہیں لی جاسکے گی۔پنشن اصلاحات ضروری ہے کیونکہ 800 ارب روپے سالانہ تک اس کا حجم بڑھ چکا ہے۔