لاہور( این این آئی)حکومتی ٹیم نے مطلوب افراد کی فہرست چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حوالے کردی۔حکومتی ذرائع کے مطابق زمان پارک لاہور میں کمشنر لاہور کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم نے عمران خان سے ملاقات کی۔
زمان پارک میں عمران خان کی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے نو مئی کے واقعات میں مطلوب افراد سے متعلق تمام شواہد عمران خان کی مذاکراتی ٹیم کے حوالے کیے۔بتایا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کو سرچ آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ سرچ آپریشن کے لیے عمران خان نے شرائط رکھ دی ہیں۔حکومتی ٹیم ملاقات کے بعد زمان پارک سے روانہ ہوگئی۔ علاوہ ازیں سرکاری اعلامیے کے مطابق وعدے کے مطابق زمان پارک انتظامیہ زمان پارک میں تجاوزات ختم کرے گی ،محسن نقوی نے اس کے فوری بعد پولیس کی ناکہ بندی ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ زمان پارک کو اصل شکل میں فوری بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک کے رہائشی پہلے ہی بہت مشکلات برداشت کر چکے ہیں۔