اسلام آبا(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کی بریفنگ کے دوران لائٹ چلی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کا آغاز کیا ہی تھا کہ بجلی منقطع ہو گئی تھی۔بعد ازاں بجلی بحالی کے بعد ترجمان نے بریفنگ دی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا آئین، تمام پاکستانیوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ اور ان کے عقیدے سے قطع نظر ان کو آگے بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر قانونی، پالیسی اور مثبت اقدامات کے لیے ایک مضبوط فریم ورک متعین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے اقلیتی امور ڈاکٹر فرنینڈ ڈی ویرنس کے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر دیے گئے اہم بیان کا خیرمقدم کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت ایک ایسے وقت میں سری نگرمیں جیـ20 ٹورازم ورکنگ گروپ کے اجلاس کے انعقاد کر رہا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں، غیر قانونی اور من مانی گرفتاریاں، سیاسی ظلم و ستم، پابندیاں اور یہاں تک کہ آزاد میڈیا اور انسانی حقوق کے محافظوں کو دبانے کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 11 مئی کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے آزاد جموں و کشمیر چیپٹر کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا، انہوں نے کشمیری عوام کی ان کے موروثی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔