لاہور(این این آئی)الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ساڑھے9ارب روپے مانگ لئے ہیں ،بلدیاتی انتخابات کے اخراجات کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے اخراجات کی
مد میں ساڑھے 9ارب روپے کی خطیر رقم مانگ لی ہے اور حکومت کو اس حوالے سے تمام اخراجات کی تفصیلات سے بھی باضابطہ آگاہ کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق فنڈز کا اجراء ہونے کے بعد تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے گی ۔بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا کام بھی ہو چکا ہے جبکہ محکمہ بلدیات بھی اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب بلدیاتی انتخابات کیلئے آرڈیننس قائمہ کمیٹی کے پاس موجود ہے اور اسے پنجاب اسمبلی سے منظو ر کرانے کا مرحلہ ابھی باقی ہے ۔سیاسی حالات میں گو مگو کی صورتحال کی وجہ سے کمیٹی کے اجلاس نہیں ہو رہے جس کی وجہ سے آرڈیننس کو قائمہ کمیٹی سے منظور نہیں کرایا جا سکا۔