اسلام آباد (این این آئی)تاحیات نااہلی قانون کے معاملے پر سپریم کورٹ بار نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات چیلنج کر دئیے۔سپریم کورٹ بارنے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئینی نکتے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا، درخواست پر لگائے گئے اعتراضات بلا جواز ہیں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنی اپیل میں
کہاکہ آرٹیکل 62 ون ایف کے حوالے سے سپریم کورٹ کے کئی فیصلے موجود ہیں، آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق سے تاحیات نااہلی ہو جاتی ہے۔اپیل میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ نہیں ہے، عدالت کے اپنے فیصلے ہیں کہ آرٹیکل62 ون ایف کے لیے کورٹ آف لاء کا ڈکلیریشن ہونا چاہیے۔سپریم کورٹ بار نے کہا کہ اعتراضات ختم کرکے آئینی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔