مکہ مکرمہ (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف سے مکہ مکرمہ میں ملاقات کی۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دنیا کے مختلف حصوں میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اس معاملے پر او آئی سی کی
طرف سے ٹھوس جواب کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ او آئی سی کو اسلاموفوبیا پر ٹھوس ردعمل دینا چاہیے۔ملاقات میں وزیراعظم کے اسلامی ممالک کے سربراہان کو لکھے گئے خطوط کا بھی تذکرہ ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم امہ کی قیادت کو دنیا کو بتاناہوگا ہم اپنے نبی اکرم ؐسے کتنی محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑے، عالمی برادری کو مذہب، عقائد کے معاملے پربھڑکانے والوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔اعلامیے کے مطابق او آئی سی سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر پرتنظیم کے کردار سے آگاہ کیا اور کہا کہ او آئی سی نے ثابت قدمی کے ساتھ کشمیر کاز کی حمایت کی اور او آئی سی مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نیامی میں کونسل وزرائے خارجہ نے اس معاملے پر جامع قراداد بھی پیش کی۔وزیراعظم اور سیکرٹری جنرل او آئی سی نے مختلف امور میں تعاون پر بھی گفتگو کی، اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے 48 ویں سیشن کی میزبانی کا منتظر ہے۔