اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ختم نبوت کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں جی ایس پی پلس سے متعلق قرارداد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یورپی یونین کی قرارداد میں اٹھائے گئے نکات سے متعلق مشاورت کی گئی۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں
یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جبری گمشدگی، صحافیوں کے تحفظ، آزادی اظہار کے قوانین جلد پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں رائے دی گئی کہ جی ایس پی پلس معاہدے کا توہین رسالت قوانین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔