اسلام آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات طے پا گئی ،نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ اہم ترین ملاقات کل شام وزیراعظم ہائو س میں ہو گی،عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان کل شام ہونے
والی اس ملاقات میں ہم خیال اراکین اسمبلی بھی ہمراہ ہوں گے ، جس دوران جہانگیر ترین اپنے خلاف ایف آئی اے کے کیسز سے متعلق تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے ۔ہم خیال اراکین اسمبلی کل صبح جہانگیر ترین کے گھر اکٹھے ہوں گے جس کے بعد وہ عمران خان سے ملاقات کیلئے ایک ساتھ وزیراعظم ہائوس جائیں گے ۔یاد رہے کہ جہانگیر ترین اور ہم خیال گروپ سے ملاقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی لیکن جہانگیر ترین نے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملاقات ہو گی تو صرف وزیراعظم کے ساتھ ہی ہو گی ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جہانگیر ترین کی پیشوں کے دوران ہم خیال اراکین اسمبلی بھی ان کے ہمراہ ہوتے تھے ، تقریباً ہر پیشی پر جہانگیر ترین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کااظہار کیا تھا ،لیکن اب یہ ملاقات طے پا گئی ہے ، دونوں دیرینہ دوستوں کے درمیان طویل عرصے بعد ملاقات ہوگی ، یقینا اس ملاقات کے بعد برف پگھلے گی، کوئی بڑا بریک تھرو بھی متوقع ہے ۔