اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مسلسل دوسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 2.32 روپے کمی کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی قیمت میں کمی کرنے کی منظوری دیدی ہے، فی لٹر پٹرول 1 روپے 79 پیسے سستا کیا گیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 2 روپے 32 کمی کی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لٹر 2.06 روپے
کی تنزلی دیکھی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 2.21 روپے کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی لٹر پٹرول کی نئی قیمت 108.56 روپے ہو گئی ہے، فی لٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 110.76 روپے، فی لٹر تیل کی قیمت 80 روپے اور لائٹ ڈیزل ائل کی فی لٹر قیمت 77.65 روپے ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے کے بعد ہوگیا۔واضح رہے کہ یکم اپریل کو وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے تک کمی کی تھی۔