اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو ای میل کے ذریعے عارضی طور پرپاکستان چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔جیو نیوز کے مطابق پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو ای میل کی ہے جس میں انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ فرانسیسی مفادات کو سنگین نوعیت کی دھمکیوں کی وجہ سے فرانسیسی شہری
اور کمپنیاں عارضی طور پر ملک چھوڑ دیں۔ یہاں سے شہریوں کو روانگی دستیاب کمرشل ائیرلائنز کے ذریعے ہی ہو گی۔رابطہ کرنے پر سفارتخانے نے اس خبر کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اس دوران سفارتخانہ بدستور کھلا رہے گا اور محدود سٹاف کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔دوسری جانب وفاقی کابینہ نے ایک مذہبی جماعت پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ایک مذہبی جماعت پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے اس پابندی کی سفارش کی تھی جس کی سمری وزارت داخلہ نے وزیراعظم کو ارسال کی تھی۔ذرائع کے مطابق پابندی کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق سمری کی منظوری کے بعد پابندی کے ڈیکلیریشن پرکام شروع کردیا گیا ہے اور وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیریشن
سپریم کورٹ میں پیش کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن اس مذہبی جماعت کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سمری انسداد دہشتگردی ایکٹ کے رول 11 بی کے تحت تیار کی، انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق 11 بی وفاقی حکومت کو کسی
تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا اختیار دیتی ہے۔سمری کے مطابق اس مذہبی جماعت کی کارروائیوں سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 580 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا،اس مذہبی جماعت کے 2063 کارکن گرفتار اور 115 ایف آئی آردرج کی گئیں۔