اسلام آباد ( آن لائن ، این این آئی ) این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت کو شکست ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری کو ہدایت کی
ہے کہ این اے 75 کے 19 فروری اور 10 اپریل کے ضمنی الیکشن کا موازنہ کیا جائے، 19 فروری کے الیکشن میں تحریک انصاف جیت گئی اور 10 اپریل کو شکست کیسے ہوئی ،تمام وجوہات کا تعین کیا جائے اور ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ اعجاز چوہدری کو ہدایت کی کہ رپورٹ میں ضمنی الیکشن میں شکست پر پاکستان تحریک انصاف کی خامیاں بھی بتائی جائیں۔ دوسری جانب اعجاز چوہدری کی جانب سے وزیراعظم کو ایک ہفتے میں رپورٹ تیار کرنے کی یقین دہانی بھی کروا دی گئی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد حکومت مخالف بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا۔فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد حکومت مخالف بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کو مشورہ ہے اب استعفوں اور احتجاج کے بیانیے سے باہر نکلیں اور اصلاحات کے ایجنڈے پر آئیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم انتخابی عمل میں بہتری کیلئے تجاویز دے چکے ہیں اور آپ کی تجاویز کا انتظار کر رہے ہیں، آگے بڑھیے۔