اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شاہین ون کی رینج 900 کلومیٹر تک ہے اور یہ زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا گیا۔ قبل ازیں پاکستان نے کروز میزائل بابر کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کروز میزائل بابر کی رینج 450 کلو میٹر تک ہے اور یہ کروز میزائل بابر زمین اور سمندر میں ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کروزمیزائل کا تجربہ ملٹی ٹیوب میزائل وہیکل کے ذریعہ کیا گیا تھا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیف نے کامیاب تجرنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔