گلگت ،واشنگٹن(این این آئی)گلگت میں مسافر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی گلگت کے مطابق مسافر گاڑی گلگت سے نلتر بالا جا رہی تھی کہ نامعلوم افراد کی جانب سے نلتر پائن میں آر سی سی پل کے قریب گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، زخمیوں کو گلگت ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ایس ایس پی گلگت کا بتانا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق نلتربالا سے ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کر لئے ۔دوسری جانب امریکا میں ملازمت کرنے والا پاکستانی نژاد ٹیکسی ڈرائیور ڈکیتی کی واردات کے دوران جاں بحق ہوگیا۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکا میں پرتشدد وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جو صدر بائیڈن کے صدارت سنبھالنے کے بعد بھی نہ رک سکا۔حالیہ واردات میں پاکستانی ڈرائیور دو لڑکیوں کے ہاتھوں قتل ہوا، جو امریکا میں کئی برسوں سے مقیم تھے اور ٹیکسی چلارہے تھے۔ڈرائیور محمد انور سے دو لڑکیوں نے گاڑی چھیننے کی کوشش کی لیکن محمد انور نے مزاحمت دکھائی، جس پر لڑکیوں پراسٹن گن سے حملہ کردیا۔گاڑی چلانے کے دوران ڈکیتی کی واردات کے باعث گاڑی درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور محمد انور جاں بحق ہوگئے۔غیرملکی ذرائع کا کہناتھا کہ پولیس نے کارروائی کرکے واردات میں ملوث دونوں لڑکیوں کو گرفتار کرلیا۔