اسلام آباد، لاہور(آن لائن) اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے کسی بھی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کے اجلاس کابائیکاٹ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے کسی بھی اجلاس میں اپوزیشن
شریک نہیں ہوگی، نا اہل حکومت کے ساتھ کسی پلیٹ فارم پر بیٹھنا نہیں چاہتے، کونسل کا اجلاس وفاقی وزیر سید فخر امام کی کنوینرشپ میں منعقد ہوگا۔سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل نے 6 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ایم این ایزسے بدسلوکی کے واقعہ پر غور کرنا تھا، دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور پی ڈی ایم کی مرکزی رہنما مریم نواز کے 26مارچ کو نیب لاہور کے دفتر پیش ہونے کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں نیب لاہور کے طلب کرنے پر مریم نواز کے نیب آفس پیش ہونے کے موقع پر ان سے اظہار یکجہتی کے لئے باقاعدہ حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ جو یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہ نے اپنی پارٹی کے رہنما بلال میر کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں اور اپنی پارٹی کے رہنمائوں کو کارکنوں کے ہمراہ 26 مارچ کو نیب آفس پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔