لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)پشاورہائیکورٹ کے باہر کیپٹن(ر)صفدرپر انڈہ پھینک دیاگیا۔ دنیا نیوز کے مطابق لیگی رہنما کیپٹن (ر)صفدرمقدمے کی سماعت کیلئے ہائیکورٹ آئے تھے کہ عدالت کے باہر ان پرانڈہ پھینکنے کی کوشش کی گئی ۔
انڈہ کیپٹن (ر)صفدر کے بجائے کارکن کوجالگاجبکہ انڈہ پھینکنے والا رکشہ میں بیٹھ کر فرارہو گیا۔دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزامات میں درج مقدمہ میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عبوری ضمانت میں 29 مارچ تک توسیع کر دی اور پولیس سے تفتیش و چالان کے بابت مکمل رپورٹ طلب کرلی۔جمعرات کو سیشن عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمے میں ا ن کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت مسلم لیگ(ن)کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر کے وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیپٹن(ر) صفدر پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ہیں۔ اس لیے انہیں آج کی پیشی سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے کیپٹن(ر) صفدر کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ کیپٹن(ر) صفدر کے خلاف لاہور کے پولیس تھانہ شاہدرہ میں اشتعال انگیز تقاریر سمیت پانچ دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔