اسلام آباد ( آن لائن ) پی ڈی ایم کے سربرا ہ مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا ٹیلیفونک رابطہ ہو ا ہے ۔دونوں رہنمائوں نے گزشتہ روز ہونے والے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں آصف زرداری کے رویہ پر دکھ کا
اظہار اور آئندہ کی حکمت عملی پر غوروغوض کیا گیا اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق دونوں قائدین کے درمیان سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کے درمیان پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ہونے والی تلخ گفتگو پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف نے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی ایسی گفتگو سے دکھ اور تکلیف پہنچی ہے، ہم 90 کی دہائی کی سیاست دفن کر کے آگے بڑھے تھے پھر الزام تراشی کیوں کی گئی؟ جس کے جواب میں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے خود آصف علی زرداری کے غیرجمہوری رویے سے دکھ ہوا ہے ۔