راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے کہا ہے کہ خطرات و چیلنجز کا موثر جواب دینے کے لیے بہترین تربیت اور عزم آپریشنل استعداد کو بڑھاتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چولستان میں تربیتی مشقوں کے علاقے کا دورہ کیا،
مشقوں کے علاقے میں آمد پر کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو دو ہفتوں پر محیط کور لیول کی فوجی مشقوں ضرب حدید پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے بہاولپور کور کے تربیتی معیار اور جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہارکیا۔آرمی چیف نے بہاولپور کور کی لاجسٹک تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ انجینئرنگ مہارتوں اور مینٹیننس معیار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں میں حصہ لینے والے یونٹس کا سخت موسمی ماحول میں دفاع و جوابی اقدامات کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ،فوجی دستوں نے حقیقی جنگی ماحول میں اعلی پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کور لیول مشقوں کا مقصد فوج کی آپریشنل تیاریوں کو بڑھانا ہے اور انفنٹری، آرٹلری، ائیر ڈیفنس سمیت افواج کے مختلف حصوں میں مطابقت لانا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ خطرات و چیلنجز کا موثر جواب دینے کے لیے بہترین تربیت اور عزم آپریشنل استعداد کو بڑھاتا ہے۔