اسلام آباد ، کراچی (آن لائن، این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے چودھری برادران سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم نے سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی۔وزیراعظم نے چودھری پرویز الٰہی سے
قومی اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کیلئے تعاون کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ آپ اہم اتحادی ہیں اپنے اراکین کو قومی اسمبلی اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کریں ۔ جس پر چوہدری برادران نے کہا حکومت کے اتحادی ہیں ،وفاق اور پنجاب میں پہلے بھی ساتھ دیا تھا اور اب بھی ساتھ رہیں گے ۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ایم کیوایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی اور وفد کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے فون پر رابطہ کیا اور سینیٹ انتخابات سمیت اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے فیصلے پر مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی سے وفاق اور صوبے میں سینیٹ نشستوں پر حمایت اور ووٹ کرنے پر شکریہ ادا کیاجبکہ ایم کیو ایم کے وفد کو اسلام آباد آنے اور ملاقات کی دعوت بھی دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ملاقات میں ایم کیوایم قیادت کو اعتماد کے لیے ووٹ دینے سمیت دیگر اہم معاملات پر مشاورت کریں گے۔