اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا ء کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وفاقی وزرا ء کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق ریکارڈ کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن
کے مطابق شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے۔دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی بنانے پر دونوں رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔سابق صدر سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے، ان کی کامیابی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کریں گے۔اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں اور وہ حکومت سے تنگ ہیں، تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کرینگے۔ذرائع کے مطابق تینوں رہنمائوں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی جب کہ وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کیا۔