اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی سے پریشان حال عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے انکار کر دیا، وزیراعظم اوگرا کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کر دی ہے اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپے فی لیٹر تک
پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز کی، وزیراعظم عمران خان نے یہ تجویز منظور نہیں کی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کرنے کی سمری بھی شیئر کی جسے وزیراعظم نے مسترد کردیا ہے۔