کولمبو (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر مقامی مسلمانوں نے اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان منگل کو دو روزہ دورے پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچے جہاں ان کا استقبال سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی آمد پر مقامی مسلمانوں نے اپنی حکومت کے
خلاف کولمبو میں سخت احتجا ج کیا۔مقامی مسلمانوں کی جانب سے سری لنکن حکومت کی کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔احتجاج کے موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ وزیراعظم کے بیان کو عزت دو۔ خیال رہے کہ 10 فروری کو سری لنکا کے وزیراعظم راجا پاکسے نے کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرکے ان کے فیصلے کو سراہا تھا تاہم بعد ازاں حکام نے کہا تھا کہ کورونا سے ہلاک افراد کی میتوں کو جلانے کی پالیسی جاری رہے گی۔خیال رہے کہ مقامی مسلمان کورونا سے جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی حکومتی پالیسی کے خلاف کئی کافی عرصے سے احتجاج کررہے ہیں۔