اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ نہیں دیں گے بلکہ اسمبلیاں توڑ دیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے ایک انٹرویومیں کہا کہ پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی اگر سینیٹ انتخابات جیت بھی گئے تو
عمران خان مستعفی نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہو یا حزب اختلاف کوئی بھی رکن پارلیمنٹ اسمبلیوں کی تحلیل نہیں چاہتا تاہم عمران خان سینیٹ انتخابات میں شکست کے بعد بھی استعفیٰ نہیں دیں گے بلکہ اسمبلیاں توڑ دیں گے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کے بعد پھر انتخابات کی طرف آئیں گے اور کہیں گے کہ ہم تو احتساب کرنے والے تھے تاہم انہوں نے ہمارے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پردھبہ ہیں۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان سے مشیرپارلیمانی امورڈاکٹربابراعوان کا رابطہ ہوا۔ ٹیلیفونک گفتگومیں اسمبلی کے جاری اجلاس، آئینی اور قانونی امورسمیت سینیٹ انتخابات پرمشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اوپن ووٹنگ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کا واحد راستہ ہے، سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پردھبہ ہیں۔وزیراعظم نے ٹیلیفونک گفتگومیں سندھ
اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بھی بات چیت کی۔ بابر اعوان نے پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے حلیم عادل کی گرفتاری پر تشویش سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر بابراعوان نے کہا کہ حلیم عادل شیخ پر کسٹوڈیل ٹارچر کیا گیا، ان سے غیر انسانی اور وحشیانہ سلوک کیا گیا۔