اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سینیٹ الیکشن تک وفاقی دارالحکومت میں ڈیرہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے روزنامہ جنگ میں ایوب ناصر کی خبر کے مطابق سینیٹ انتخابات سے قبل پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتو ں سے رابطوں ،(ن) لیگ کی سینئر
قیادت سے مشاورت اور اپنے ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی مر کزی نائب صدر 26 فروری سے سینٹ الیکشن تک اسلام آباد میں قیام کریں گی۔بتایا جاتا ہےکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے صاحبزادی کو ہدایت کی ہےکہ وہ شہباز شریف کی عدم موجودگی میں انکا قائدانہ کردار ادا کرکے خلاء پر کرنے کی کوشش کریں۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر پتہ ہوتاانہوں نے سیٹ کے بدلے2جانیں لینی ہیں تومسلم لیگ (ن) ڈسکہ کی نشست ویسے ہی انہیں دے دیتی ،ون ٹائم عمران خان کو عوام کے سروں پر مسلط کردیاگیااب یہ دوبارہ نہیں آئے گا ،نہ پی ٹی آئی اور نہ ہی اس کا مستقبل ہے ان کاشیرازہ بہت جلد بکھرے گا، آٹا، گیس، بجلی اور ووٹ چوروں کو چاروں صوبوں سے عوام نے مستردکردیا ہے ، دھاندلی کے باوجود ڈسکہ کے عوام نے جمہوریت کی جنگ لڑی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پریذائیڈنگ افسران نے بکنے سے انکار کر دیا، حکمران بدترین ریاستی دہشتگردی کے باوجود ڈسکہ سے ہارے اور بے نقاب ہوئے، انہوں نے فائرنگ کرائی، 2 جانیں لیں،اگر پتہ ہوتاانہوں نے سیٹ کے بدلے2جانیں لینی ہیں تومسلم لیگ (ن) ڈسکہ کی نشست ویسے ہی انہیں دے دیتی ۔