اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک +این این آئی) سینٹ الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا لگ گیا، رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا کورونا میں مبتلا ہو گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا کی طبیعت خراب تھی
جس پر انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا،ٹیسٹ رپورٹ میں رکن قومی اسمبلی میں کورونا کی تصدیق ہو گئی،محسن رانجھا نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا اورعوام سے دعاﺅں کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی 5 لاکھ 4 ہزار 500 خوراکیں فراہم کردی گئی ہیں۔این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب کوکورونا ویکسین کی ایک لاکھ 88 ہزار خوراکیں فراہم کردی گئی ہیں اور سندھ کو کورونا ویکسین کی دو لاکھ 4 ہزار خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کوکورونا ویکسین کی 44 ہزار خوراکیں دی گئی ہیں اور بلوچستان کو کورونا ویکسین کی 21 ہزارخوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔این سی او سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو کورونا ویکسین کی 23 ہزار 500،آزاد کشمیرکو 16 ہزار اور گلگت بلتستان کوکورونا ویکسین کی 8 ہزارخوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔