اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) میٹرک پاس رکن اسمبلی کو خیبر پختونخوا کا وزیر قانون بنا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا میں صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب خان کو محکمہ قانون کا بھی قلمدان تفویض کیا گیا ہے ۔ وزیر قانون سلطان محمد کے استعفے کے بعد
اکبر ایوب کو محکمہ قانون کا اضافی چارج دیا گیا۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد خان ویڈیو سکینڈل کے بعد مستعفی ہوئے تھے ۔ گزشتہ برس ضیا اللہ بنگش کی جگہ اکبر ایوب کو وزیر تعلیم بنایا گیا تھا۔ تعلیمی قابلیت میٹرک ہونے پر اکبر ایوب پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی ہوئی تھی ۔تنقید کے بعد اکبر ایوب کو وزارت تعلیم سے ہٹا کر وزارت بلدیات کا قلمدان سونپا گیا تھا۔اب انہیں محکمہ قانون کا اضافی چارج دیدیا گیاہے، دوسری جانب سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبیداللہ مایار نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید وفروخت کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی وفاقی حکومت کی کمیٹی کی کوئی حیثیت نہیں اس لیے کمیٹی نے بلایا تو نہیں جاؤں گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ووٹوں کی خرید وفروخت کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی کمیٹی کی کوئی حیثیت نہیں، یہ اپنے پارٹی ممبران پر مشتمل ذاتی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ممبران کو پیسے دیے ان کو این آر او دے دیا گیا، کمیٹی میں عدلیہ کے لوگ شامل کیے جائیں تو بات بن سکتی ہے اگر انہیں کمیٹی نے بلایا تو وہ اس کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔