اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عمل درآمد سے رئیل اسٹیٹ شعبے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ ایف بی آر نے ہزاروں رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز کو نوٹسز بھجوائے ہیں اور ڈی این ایف بی پیز ویب سائٹ پر رجسٹر ہونے کی ہدایت کی ہے۔روزنامہ جنگ میں مہتاب حیدر
کی شائع خبر کے مطابق، ایف آے ٹی ایف کی ضروریات پوری کرنے کے لیے رئیل اسٹیٹ ایجنٹس، پراپرٹی ڈیلرز، جیولرز، بروکرز، ہائوسنگ اتھارٹیز اور ڈیولپرز کو مشتبہ ٹرانزیکشنز رپورٹس (ایس ٹی آرز) کے حوالے سے پابند کرنے پر عمل درآمد سے ملک بھر کے لاکھوں افراد جو ان شعبوں سے وابستہ ہیں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ ایف بی آر نے بھی 22 ہزار سے زائد رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز کو نوٹسز بھجوائے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ وہ نامزد غیر مالی کاروبار اور پیشے (ڈی این ایف بی پیز) کی ویب سائٹ پر اپنے آپ کو رجسٹرڈ کریں تاکہ ایف اے ٹی ایف ضروریات پر عمل درآمد شروع ہوسکے۔ رئیل اسٹیٹ ٹائیکونز کو حکومت کے دہرے معیار پر حیرت ہے۔ ایک جانب وزیراعظم، رئیل اسٹیٹ بلڈرز کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں توسیع دے رہے ہیں تاکہ 30 جون، 2021 تک رجسٹریشن کی حتمی تاریخ تک ان سے ذرائع آمدن نہ پوچھے جائیں تو دوسری جانب ایف بی آر ، ایف اے ٹی ایف شرائط پر عمل درآمد کررہا ہے۔ اس دہرے معیار کی وجہ سے ممکنہ سرمایہ کاروں میں منفی اشارے جارہے ہیں۔