اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن) حکومت نے گریڈ 1سے 19 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصداضافہ کردیا ، جس کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافےکا اعلامیہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 1سے 19 تک ملازمین کو بنیادی تنخواہ پر 25 فیصد ریڈکیشن الاؤنس ملےگا،
الاؤنس کااطلاق یکم مارچ سےہوگا۔نجی ٹی وی اعلامیے میں کہا ہے کہ گریڈ1سے16تک پوسٹوں کو کےپی حکومت کے پیٹرن پر اپ گریڈ کیا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں ٹائم اسکیل گرانٹ کولاگوکرنےپربھی غورہوگا۔جولائی سےایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ کا حصہ بنانے پر غور کی یقین دہانی کرادی ہے اور صوبوں کو بھی اپنے وسائل کے مطابق ملازمین کو سہولتیں دینے کی سفارش کی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے ملازمین کو ایڈہاک ریلیف دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد ایڈہاک ریلیف ملے گا۔وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جن ملازمین کو ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا ان میں وفاقی سیکریٹریٹ اوران سے متعلق اداروں کے ملازمین شامل ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ 25 فیصد ایڈہاک ریلیف وفاقی ملازمین کی بنیادی تنخواہوں پردیا جائے گا۔ وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم مارچ 2021 سے ہو گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹائم اسکیل کا پیٹرن اگلے بجٹ میں دیا جائے گا۔ ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دینے کی سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ سرکاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبوں کو بھی اسی فارمولے کے تحت تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کے معاملے پر حکومت اور سرکاری ملازمین کے مذاکرات کامیاب ہو گئے جبکہ تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔مذاکرات میں وزیر دفاع پرویز خٹک،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مملکت علی محمد خان شریک تھے۔سرکاری ملازمین کے نمائندوں نے میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں فیصلہ ہوا ہے کہ بجٹ تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد عبوری اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے سروس سٹرکچر کے بارے میں بھی نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ ملازمین کے رہنما چوہدری سرفراز نے کہا کہ سرکاری ملازمین نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں۔