راولپنڈی(این این آئی) خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میںسکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں 4جوان شہید ہوگئے جبکہ 4 دہشتگرد بھی مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کا مقابلہ ہوا اور اس دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4دہشتگرد بھی مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اورسپاہی انیس الرحمن شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق فورسز کی جانب سے علاقے کو کلیئر کرانے کا کام جاری ہے۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے آرمی کے جوانو ں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔صدر مملکت نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا اورشہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی ۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔قبل ازیں چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید سپاہیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔اپنے بیان میں چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ان بزدلانہ کارروائیوں سے سیکورٹی فورسز اور قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج اور عوام کی دہشتگردوں کے خلاف جنگ کی پوری دنیا معترف ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کے باعث آج پاکستان زیادہ پرامن ہے جہاں ہر میدان آباد ہے۔دریں اثنا سابق صدرآصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان میں افواج پاکستان کے چار جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کو دھرتی ماں کی ایسے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن کی طرح جنوبی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو دھرتی دہشت گردوں سے پاک ہوتی ۔سابق صدر نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے بیانیہ پر
عمل کرنے کی ضرورت ہے۔آصف زرداری نے شہید جوانوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورشہید جوانوں کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔جبکہپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔پی پی چیئرمین نے شہدا کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور شہدا کے لیئے بلند درجات کی دعا کی ۔انہوں نے کہا کہ شہید جوان قوم کے ماتھے جھومر ہیں، ان کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کی بیخ کنی کے لیئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔