لاہور،اسلام آباد (آن لائن) نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ تاہم اضافے کی حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں بجلی کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ کیا جانے والا اضافہ سالانہ بنیادوں
پر کیا گیا ہے۔ بجلی کے فی یونٹ قیمت میں 83 پیسے اضافے کے بعد بجلی کے صارفین 84 ارب روپے کا مزید اضافی بوجھ پڑے گا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 83 پیسے فی یونٹ اضافہ سال 2019-20ء کی ایڈجسٹمنٹ مد میں کیا گیا۔ یہ اضافہ بجلی کے صارفین سے سہ ماہی بنیادوں پر موصول کیا جائے گا۔ جس کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی نیپرا نے دسمبرکے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 53 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی ۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سی پی پی اے جی نے 1 روپے 80 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 27 جنوری 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے اس کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا،فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔