اسلام آباد(این این آئی)وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے معاملہ پروکلا کے خلاف تھانہ رمنا کے بعد تھانہ مارگلہ میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مشتعل وکلا ایف ایٹ کچہر ی میں داخل ہوئے،وکلا کے ہاتھوں
میں ڈنڈے اور اینٹیں تھیں۔ایف آئی آر کے مطابق وکلا نے ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی،وکلا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے دورازے اور کھڑکیاں توڑیں۔ایف آئی آر کے مطابق مشتعل وکلا کے خوف سے سائلین ڈر کر بھاگنے لگے۔ایف آئی آر میں پندرہ وکلا کو نامزد کیا گیا۔دوسری جانب وکلا کے غیر قانونی چیمبرز گرانے کے معاملہ پر سی ڈی اے کی جانب سے ایف ایٹ کچہری میں مذید چیمبرز گرانے کے نوٹس چسپاں کر دیے گئے۔سی ڈی اے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فٹ پاتھوں پر بنائے گئے وکلاچیمبرز غیر قانونی ہیں۔سی ڈی اے کی جانب سے نوٹس وکلا کے چیمبرز کے باہر چسپاں کیے گئے۔نوٹس سے وکلا کو پیشگی اطلاع دی گئی کہ چیمبرز غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے۔دریں اثنا احتساب عدالت اسلام آباد میں وکلا کی ہڑتال کے باعث شاہد خاقان ،عباسی مفتاح اسماعیل سمیت دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی گئی۔