اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینٹ کے آمدہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستیں جیتنے کے لئے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے جہانگیر ترین کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے اور مصدقہ اطلاعات کے مطابق جہانگیر ترین طویل غیر حاضری کے بعد ایک بار سیاسی میدان
میں اپنی انٹری ڈال رہے ہیں اور سینٹ کے ٹکٹ دینے والی پارلیمانی کمیٹی میں انکا نام ہونے کے باوجود سینٹ کے تمام ٹکٹ بھی انکی مشاورت سے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔روزنامہ نوائے وقت میں احسان الحق کی شائع خبر کے مطابق ق لیگ کو پنجاب میں سینٹ کی ایک نشست دینے کا فیصلہ بھی جہانگیر ترین کی مشاورت سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے، مزید معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی انکے معاملات طے کرا دیئے گئے ہیں تاکہ پارٹی میں ہم آہنگی ہونے سے پارٹی کو نقصان سے بچایا جا سکے۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل انکی ملکیتی شوگر ملز کے خلاف مبینہ طور پر جانبدارانہ تحقیقات کے دوران ان پر ٹیکس اور ڈیوٹیز چوری ہونے کے الزامات عائد ہونے کے بعد وہ دلبرداشتہ ہو کر بیرون ملک چلے گئے تھے اور اپنی پارٹی پی ٹی آئی سے بھی انہوں نے غیر اعلانیہ لا تعلقی اختیار کر لی تھی تاہم کچھ قبل انہوں نے وطن واپس آکر اب پارٹی میں دوبارہ فعال ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔